دہلی کی خوشحالی کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں، دیویندر یادو
23 Jan 2025 16:24
دہلی پردیش کانگریس کے صدر نے عوام سے بدعنوان اور عوام دشمن عام آدمی پارٹی کی حکومت کو بدلنے اور ریاست میں خوشحالی کیلئے کانگریس کو اقتدار میں لانے کی اپیل کی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ دہلی میں انتخابی ماحول سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ہر نئے دن سیاسی پارہ اوپر ہی جا رہا ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے عوام سے بدعنوان اور عوام دشمن عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت کو بدلنے اور ریاست میں خوشحالی کے لئے کانگریس کو اقتدار میں لانے کی اپیل کی ہے۔ جمعرات کو صدر بازار اسمبلی حلقہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی گزشتہ 11 برسوں کی غلط حکمرانی سے نجات پانے، بدعنوان اور عوام دشمن حکومت کو بدل کر دہلی کے مستقبل کو سنوارنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے ریاست کی خوشحالی کے لئے پانچ فروری کوہاتھ کا بٹن دباکر کانگریس کو اقتدار سونپنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ملک کا دارالحکومت ہے، جو پورے ملک کو سمت دیتی ہے، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور عام آدمی پارٹی کے گناہ اور بدعنوانی نے 10 برسوں میں دہلی کو بے سمت بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے دہلی کی ہوا، دوا، ندی، پانی، نیتا نیت سب خراب کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1186090