قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شوپیاں میں احتجاجی مظاہرہ
23 Jan 2025 09:13
ذرائع کے مطابق لوگ بڑی تعداد میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر جمع ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں بجلی کے بل اٹھا رکھے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع شوپیاں کے علاقے لنڈورہ کے رہائشیوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں بالخصوص بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ذرائع کے مطابق لوگ بڑی تعداد میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر جمع ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں بجلی کے بل اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے بجلی کی شدید کٹوتیوں پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جس سے ان کے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں، طلباء کو امتحانات کی تیاری اور مریضوں کو آکسیجن کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کاروبار کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے حکام سے ان کی بار بار کی جانے والی اپیلوں پر کان نہیں دھرے جاتے۔ ایک شخص نے بتایا کہ ہمیں شدید سردی میں بجلی جیسی بنیادی سہولت کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتظامیہ کی سراسر غفلت ہے۔ مکینوں نے کہا کہ بھارت کی مسلط کردہ انتظامیہ ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جن میں علاقے کے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسے مقامی آبادی کو دبانے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ: 1185995