عوامی پہاڑوں کو لیز کے نام پر ہڑپ نہیں ہونے دیں گے، کاظم میثم
22 Jan 2025 18:02
قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنشن اصلاحات کے نام پر غریب ملازمین کے لیے زندگی مشکل کر دی ہے، ملک میں ہر طرف عوام دشمن فیصلے حاکم ہیں اور عام عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنشن اصلاحات کے نام پر غریب ملازمین کے لیے زندگی مشکل کر دی ہے، ملک میں ہر طرف عوام دشمن فیصلے حاکم ہیں اور عام عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ گلگت بلتستان کے ایسے بھی نمائندہ ہیں جو وفاق پر ترس کھا کر جی بی میں فنڈز دلانے سے روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرمل کے لیے فنڈ جاری ہونے کے باوجود گلگت، ہنزہ، سکردو اور چلاس میں تاریکی کم نہیں ہو سکی، گلگت بلتستان کی معدنیات پر بندربانٹ نہیں ہونے دیں گے، عوامی پہاڑوں کو لیز کے نام پر ہڑپ نہیں ہونے دیں گے۔ مقپون داس کی اراضی یہاں کے عوام کی ملکیت ہے، بلامعاوضہ قبضہ ہونے نہیں دیں گے۔ کاظم میثم نے کہا کہ مقپون داس کے فریقین کے تحفظات دور کیے بنا کسی کو دینے نہیں دیں گے، موجودہ نظام عوام میں مایوسی پھیلانے اور خطے کو بحران کی طرف دھکیلنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جس طرح سیاسی رہنماوں اور حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو روندا جا رہا ہے اس کے سنگین نتائج آئیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1185903