QR CodeQR Code

نریندر مودی کی حکومت راہل گاندھی سے ڈرتی ہے، پرینکا گاندھی

22 Jan 2025 18:17

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت راہل گاندھی سے ڈرتی ہے کیونکہ وہ آئین کیلئے لڑ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر سخت تنیقد کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس دونوں کا نظریہ بزدلوں کا ہے، وہیں کانگریس ملک کے لئے مرنے کے خیال میں یقین رکھتی ہے۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت راہل گاندھی سے ڈرتی ہے کیونکہ وہ آئین کے لئے لڑ رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کرناٹک کے بیلگام میں کہا کہ آئین کتاب نہیں بلکہ لوگوں کے لئے حفاظتی ڈھال ہے۔ بھیم راؤ امبیڈکر نے اس میں جمہوریت کے تحفظ کو شامل کیا ہے۔ بابا امبیڈکر سماجی انصاف اور حقوق کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن کوئی حکومت ایسی نہیں تھی جس کے وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں بابا امبیڈکر کی توہین کی ہو۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریے نے آئین کے مسودے کے وقت بھی توہین کی تھی۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب بابا امبیڈکر نے خواتین کے حقوق کی بات کی تو آر ایس ایس والوں نے ان کے پتلے جلائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اسی نظریے سے ابھری ہے، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی والے آئین کی توہین کر رہے ہیں، یہ حکومت آئے روز آئین پر حملہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء کے پارلیمانی انتخابات میں ملک کی عوام نے بی جے پی کو سبق سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد جب وہ پارلیمنٹ گئے تو انہوں نے آئین کو ماتھے سے لگایا، وہیں راہل گاندھی ہر روز آئین کے لئے لڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے لئے راہل گاندھی اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہیں، اس لئے مودی حکومت راہل گاندھی سے ڈرتی ہے، وہ انہیں دیکھ کر کانپ جاتی ہے، اسلئے ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1185781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185781/نریندر-مودی-کی-حکومت-راہل-گاندھی-سے-ڈرتی-ہے-پرینکا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com