QR CodeQR Code

آر ایس ایس و بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ملکارجن کھڑکے

21 Jan 2025 23:27

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے تحریک آزادی ہند کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک آزادی دنیا کی ایسی انوکھی تحریک رہی جو سچائی اور عدم تشدد کی بنیاد پر لڑی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کرناٹک کے بیلگاوی میں "جئے باپو، جئے بھیم، جئے آئین" مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس و بی جے پی کے لوگ آئین کو جلانے اور ختم کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو توڑنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے تو ملک کو جوڑنے کے لئے کنیاکماری سے کشمیر تک پیدل سفر کیا۔ کانگریس صدر نے آج بیلگاوی میں عظیم الشان تقریب کے دوران چرخہ چلا کر "جئے باپو، جئے بھیم، جئے آئین" مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، کرناٹک کے انچارج جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سمیت کئی اہم پارٹی لیڈران موجود تھے۔ کانگریس نے اس ریلی کے ذریعہ آئین مخالف طاقتوں کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا ہے۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا احترام کرنے کے لئے کانگریس نے جو کیا، ایسا شاید کوئی دوسرا نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی سے آئین ساز اسمبلی میں لانے کے لئے کانگریس نے اپنے رکن ایم آر جیکر کا استعفیٰ کرایا۔ اپنی تقریر کے دوران ملکارجن کھڑگے نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں بابا امبیڈکر کی بے عزتی کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتنا نام بھگوان کا لیتے تو 7 جنموں تک جنت میں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبھی نے اس بے عزتی کے خلاف امت شاہ کے خلاف دھرنا دیا اور ان کا استعفیٰ مانگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آج بھی وہی مطالبہ ہے کہ امت شاہ کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا ہوگا۔

اس تقریب سے پرینکا گاندھی نے بھی خطاب کی اور تحریک آزادی کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک آزادی دنیا کی ایسی انوکھی تحریک رہی جو سچائی اور عدم تشدد کی بنیاد پر لڑی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں مہاتما گاندھی، نہرو جی، سردار پٹیل جی، امبیڈکر جی سمیت تمام مجاہدین آزادی نے کہا کہ ہم تشدد کا مقابلہ سچائی اور عدم تشدد سے کریں گے اور انگریزوں کو شکست دیں گے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ جہاں دنیا میں الگ الگ جگہ آزادی کے لئے تشدد ہوئے، خون کی ندیاں بہیں، وہیں ہماری تحریک آزادی میں عدم تشدد کی بنیاد پر اخلاقی طاقت سے انگریزی حکومت کو گرایا گیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا اور اس حکومت کو ڈرپوک تک قرار دے دیا۔


خبر کا کوڈ: 1185746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185746/ا-ر-ایس-بی-جے-پی-ا-ئین-کو-ختم-کرنا-چاہتے-ہیں-ملکارجن-کھڑکے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com