غزہ کو 1 کروڑ 25 لاکھ لٹر ایندھن فراہم کرینگے، قطر کا اعلان
21 Jan 2025 11:04
قطری وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی ترسیل کیلئے زمینی کوریڈور کی فراہمی کی خبر دی ہے
اسلام ٹائمز۔ غاصب اسرائیلی رژیم اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر دستخط کے بعد قطر نے آج غزہ کی پٹی کو 1 کروڑ 25 لاکھ لٹر ایندھن کی ترسیل کے لئے زمینی کوریڈور کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے حکم پر عملدرامد کرتے ہوئے آئندہ 10 دنوں میں غزہ کی پٹی کو ایک کروڑ 25 لاکھ لٹر ایندھن کی فراہمی سے متعلق معاہدہ، جنگ بندی کے اولین روز یعنی گزشتہ کل سے عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس پر عمل جاری ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت غزہ کو ہر روز اوسطا 12 لاکھ 50 ہزار لٹر ایندھن ارسال کیا جائے گا۔ دوحہ کہ مطابق قطری مالی معاونت سے ایندھن کے 25 ٹینکر آج کرم ابو سالم نامی سرحدی گزرگاہ سے غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ کو ارسال کیا جانے والا ایندھن ہسپتالوں، بے گھر افراد کے رہائشی مراکز اور بنیادی امدادی خدمات میں کام آئے گا۔
خبر کا کوڈ: 1185573