جو منہ میں آتا ہے اپنے بدتمیز لیڈر کی طرح اول فول بک دیتے ہو
ہم تمہیں شرم دلا کر تھک چکے ہیں، عظمیٰ بخاری علی امین گنڈا پور پر برس پڑیں
آئندہ مریم نواز سے متعلق گھٹیا الفاظ استعمال کیے تو حلق سے زبان کھینچ لیں گے
21 Jan 2025 03:07
وزیراطلاعات پنجاب کا وزیراعلیٰ کے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے پختونوں کی غیرت پر سیاہ دھبہ ہے۔ ہمیں لیکچر دیا جاتا ہے کہ پختون غیرت مند قوم ہے بہن بیٹی کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں، لیکن وزیراعلیٰ کے پی کے پختون خواتین کے لیے بھی باعث شرمندگی اور ندامت کا عملی نمونہ ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمہیں شرم دلا کر تھک چکے ہیں، تم جنگلی جانور ہو اور جانور ہی رہنا۔ عظمیٰ بخاری کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مریم نواز سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہو کبھی تو انسانوں کی طرح گفتگو کر لیا کرو، جو منہ میں آتا ہے اپنے بدتمیز لیڈر کی طرح اول فول بک دیتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمہاری فیملی کی خواتین شاید بغیر میک اپ اور جیولری کے بغیر ہی تقریبات میں شامل ہوتی ہیں، تمہاری فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے جو تم جیسے بے شرم اور بے لگام گھوڑے کو برداشت کر رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا وزیراعلیٰ کے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ علی امین پختونوں کی غیرت پر سیاہ دھبہ ہے، ہمیں لیکچر دیا جاتا ہے کہ پختون غیرت مند قوم ہے بہن بیٹی کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں، لیکن علی امین پختون خواتین کے لیے بھی باعث شرمندگی اور ندامت کا عملی نمونہ ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جو لوگ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ نہیں کر سکتے وہ اپنی گندی زبان سے ان کا نام بھی مت لیں، آئندہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق گھٹیا الفاظ استعمال کیے تو حلق سے زبان کھینچ لیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1185548