QR CodeQR Code

بلوچستان میں برفباری کے باعث حادثات میں اضافہ، 23 افراد زخمی

20 Jan 2025 20:50

پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے 18 اضلاع میں 2 روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جسکے دوران ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کے باعث گزشتہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 23 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے 18 اضلاع میں 2 روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے دوران ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی حکومت کے کنٹرول روم کے مطابق زیارت میں برفباری میں پھنسنے والی گاڑی سے سیاحوں کو نکال کر ریسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔ لیویز کے مطابق بولان میں این 65 شاہراہ پر پھسلن کے باعث کار اور ٹرک میں ٹکر ہوگئی، جس میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح کان مہترزئی، خانوزئی اور بوستان میں قومی شاہراہوں پر پھسلن سے کئی گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ کوژک ٹاپ این 25 پر گاڑیاں ٹکرانے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ رحمان کہول روڈ پر خستہ حال دیوار گرگئی۔ جس کے باعث 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے کل کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور چاغی میں مزید بارش اور ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1185495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185495/بلوچستان-میں-برفباری-کے-باعث-حادثات-اضافہ-23-افراد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com