QR CodeQR Code

شہید علامہ سید عالم موسوی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، علامہ ساجد نقوی

20 Jan 2025 17:57

سربراہ ایس یو سی نے شہید موسوی کی 11ویں برسی پر اپنے پیغام ان کی مذہبی، ملی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے خانوادے، شاگردان، عقیدت مندوں سے تسلیت کرتے ہوئے ان کے علو درجات کی دعا کی۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز عالم دین، تحریک کے مرکزی رہنماء اور دیرینہ رفیق علامہ سید عالم موسوی شہید کی 11ویں برسی کی مناسبت ان کی ملی اور دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید علامہ نے زندگی کا بڑا حصہ نہ صرف ملت کے حقوق کے تحفظ اور سربلندی کی جدوجہد میں گزارا بلکہ امن، اخوت، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کی کوششوں کو بھی مسلسل آگے بڑھایا، اسی طرح مذہبی، فکری، اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ سیاسی اور اجتماعی امور میں بھی  عوام کی خاطر خواہ رہنمائی کی اور اصلاح معاشرہ کا اہم فریضہ انجام دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا، حق بنتا ہے کہ ان کی یاد شایان شان طریقے سے منائی جائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ اسی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ شہید عالم موسوی اسی ملی پلیٹ فارم کا حصہ تھے جس پلیٹ فارم نے ہمیشہ عوام کے آئینی بنیادی حقوق کی دستیابی کے لئے مسلسل کوشش اور متحرک رول ادا کیا اور یہ جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ وقت نے ثابت کیا اور ان شہداء کی قربانیوں کے ثمر کے طور پر تمام طبقات کو تسلیم کرنا پڑا کہ نہ صرف پاکستان کی سیاست، اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ، اتحاد و حدت کے فروغ حتیٰ کہ ملکی معاشرت اور دینی مسالک کے مابین وحدت ایجاد کرنے میں اس پلیٹ فارم نے تاریخ رقم کی۔ چنانچہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ملک کی دینی جماعتوں کو، دینی مسالک کو ایک پلیٹ فارم پر تنظیمی لحاظ سے منسلک کرنے کی بھرپور کوششیں ہوئیں اور ان کوششوں کو کامیابی نصیب ہوئی۔ دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کروایا اور اس میں ملی پلیٹ فارم کا بنیادی کردار رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ علامہ سید عالم موسوی شہید کی ملی و قومی حوالوں سے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، انہوں نے شہید موسوی کی مذہبی، ملی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے خانوادے، شاگردان، عقیدت مندوں سے تسلیت کرتے ہوئے ان کے علو درجات کی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 1185469

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185469/شہید-علامہ-سید-عالم-موسوی-کی-خدمات-ہمیشہ-یاد-رکھی-جائیں-گی-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com