کرم، بگن آپریشن کے متاثرین کیلئے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم
20 Jan 2025 16:55
ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان کے مطابق علاقہ محمد خواجہ میں بگن متاثرین کے لیے عارضی کیمپ قائم کیا جائے گا، سینکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائے گی جب کہ کیمپ کے قریب اسکول، مساجد، بی ایچ یو اور دیگر سہولیات میسر ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ کرم کے علاقے بگن میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین کے لیے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان کے مطابق علاقہ محمد خواجہ میں بگن متاثرین کے لیے عارضی کیمپ قائم کیا جائے گا، سینکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائے گی جب کہ کیمپ کے قریب اسکول، مساجد، بی ایچ یو اور دیگر سہولیات میسر ہیں۔ ڈی سی کا بتانا ہے کہ پی ڈی ایم اے خیموں سمیت دیگر سامان کے 22 ٹرک فراہم کرے گا، ضلعی انتظامیہ کو 4 ٹرک سامان مل گیا ہے اور آج سے کیمپ کے قیام پر کام شروع کردیا جائے گا۔
ڈی سی ہنگو نے مزید بتایا کہ قیام امن کے لیے نقل مکانی کرنے والےکرم متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لوئر کرم کے علاقے بگن میں کھانے پینے کا سامان لے جانے والی گاڑیوں کےقافلے پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد حکام نے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا۔
خبر کا کوڈ: 1185458