QR CodeQR Code

ہم دہلی کو اروند کیجریوال کی بدعنوانی اور ناقص حکمرانی سے نجات دلائیں گے، دیویندر یادو

20 Jan 2025 19:34

پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے کہا کہ کیجریوال کے جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں کے باعث دہلی والے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن 5 فروری کے بعد کانگریس حکومت بننے پر سبھی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور بادلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار دیویندر یادو نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پانچ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے دہلی میں گزشتہ 11 برسوں کے دوران اروند کیجریوال حکومت کی بدعنوانی اور ناکارہ حکمرانی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال کے جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں کے باعث دہلی والے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن 5 فروری کے بعد کانگریس حکومت بننے پر سبھی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد دہلی میں شیلا دکشت کے 15 برس کا دورِ حکومت جیسا ترقیاتی کام کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت، خواتین اور نوجوانوں کے لئے خصوصی منصوبے پیش کئے، جن میں ہر دہلی والے کو 25 لاکھ کا صحت بیمہ، خواتین کو ماہانہ 2500 روپے اور نوجوانوں کو پہلی ملازمت تک 8500 روپے ماہانہ شامل ہیں۔

انہوں نے بادلی میں موجودہ ایم ایل اے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ دیوندر یادو نے کہا کہ وہ اپنے دور میں سیور لائن، راشن کارڈ اور پنشن جیسی سہولیات کے لئے لڑے، مگر موجودہ حکومت نے سب کچھ بند کر دیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر پانی کی قلت اور سیور کی مشکلات کو جڑ سے ختم کریں گے۔ دیویندر یادو نے ضرورت مند دہلی والے کو 500 روپے میں گیس سلنڈر اور راشن کٹ دینے کا اعلان کیا، جس میں چاول، چینی، دال، تیل اور چائے کی پتی شامل ہوگی۔ انہوں نے 300 یونٹ مفت بجلی دینے کی بات کی اور کیجریوال کے 200 یونٹ کے دھوکے کی نشاندہی کی، جس سے غریب طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1185381

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185381/ہم-دہلی-کو-اروند-کیجریوال-کی-بدعنوانی-اور-ناقص-حکمرانی-سے-نجات-دلائیں-گے-دیویندر-یادو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com