QR Code
جموں و کشمیر تحریک حقِ خودارادیت برطانیہ کی نئی پارلیمانی مہم کا اعلان
20 Jan 2025 11:20
برطانیہ کے شہر بری میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اہم سیاسی شخصیات، کشمیری کمیونٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حقِ خودارادیت برطانیہ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نئی پارلیمانی مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ کے شہر بری میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اہم سیاسی شخصیات، کشمیری کمیونٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، خواتین کے تحفظ اور برطانیہ میں اقلیتوں کی نمائندگی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تقریب میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں ارکان پارلیمنٹ اینڈریو گوئین، جیمز فرتھ، کونسلر یاسمین ڈار اور پروفیسر تیمور شفیق شامل تھے۔ مقامی کونسلروں اور کمیونٹی رہنمائوں کی بھرپور شرکت نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جاری جدوجہد کو مزید تقویت بخشی۔ راجہ نجابت حسین نے کشمیر کے بارے میں نئی پارلیمانی مہم کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کونسلر یاسمین ڈار کی قیادت میں جموں و کشمیر تحریک حقِ خودارادیت برطانیہ کے پلیٹ فارم سے برطانیہ بھر میں کی گئی کاوشوں کو سراہا اور برطانوی پارلیمنٹ میں مضبوط اتحادیوں کی تعداد میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر پر مزید موثر لابنگ کے لیے پارلیمنٹ کے نئے اراکین کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرنے ہوں گے۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ ہم خیال دوستوں کو شامل کرنا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں تسلسل اور موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مہم کے اہم اہداف میں سیاسی شمولیت کو وسعت دینا، برطانوی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا، ویسٹ منسٹر میں مسئلہ کشمیر پر لابنگ کو مضبوط بنانا اورمسئلہ کشمیر پر پارلیمانی حمایت میں اضافہ کرنا شامل ہے۔ تقریب میں شریک برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی مسئلہ کشمیر پر حمایت کا اعادہ کیا۔
خبر کا کوڈ: 1185371
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com