QR CodeQR Code

غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد شروع، اب کیا ہوگا؟

19 Jan 2025 15:36

امدادی سامان سے بھرے سیکڑوں ٹرک رفح بارڈر پر موجود تھے، معاہدے کے تحت جنگ بندی کے دوران روزانہ 600 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوسکیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ کئی گھنٹے تاخیر کے بعد غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔پاکستانی وقت کے مطابق جنگ بندی پر عمل درآمد صبح 11:30 بجے شروع ہونا تھا، تاہم اس میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی۔ امدادی سامان سے بھرے سیکڑوں ٹرک رفح بارڈر پر موجود تھے، معاہدے کے تحت جنگ بندی کے دوران روزانہ 600 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوسکیں گے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین نے کہا ہے کہ امید ہے بالآخر بندوقیں خاموش ہوں گی اور ضرورت مندوں تک امداد اور تجارتی اشیاء پہنچ پائیں گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی امید ظاہر کی کہ مزید لڑائی نہیں ہوگی، انسانی امداد سے غزہ تک رسائی آسان ہوگی اور قیدی رہا کیے جائیں گے۔

دوسری جانب فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق غزہ پر 15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 46 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتا ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ کی بستیاں ملیا میٹ ہوگئی ہیں۔ یہاں گھر، تعلیمی ادارے اور اسپتال کھنڈر بن چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس بدترین اسرائیلی جارحیت کے دوران حماس کے رہنماء اسماعیل ہنیہ کو تہران، سید حسن نصراللّٰہ کو بیروت اور یحییٰ سنوار کو غزہ میں شہید کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1185278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185278/غزہ-میں-جنگ-بندی-پر-عملدرا-مد-شروع-اب-کیا-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com