QR CodeQR Code

ایران کی 9 ہزار مساجد میں 12 لاکھ 50 ہزار بچوں اور نوجوانوں کی اعتکاف میں شرکت

19 Jan 2025 17:25

حجت‌الاسلام سید علیرضا تکیہ‌ای نے ایران میں تین دن کے شاندار اعتکاف کے اختتام کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ اس سال ملک بھر میں بڑے شہروں سے لے کر متعدد چھوٹے شہروں اور دیہاتوں تک، اعتکاف منعقد ہوا، اعتکاف میں شرکت کے خواہشمند افراد کی بہت بڑی تعداد مساجد میں جگہوں کی کمی کی وجہ سے اعتکاف پر بیٹھ نہیں سکی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں اعتکاف کے انعقاد کے لئے ادارے کے مسئول نے کہا ہے کہ اس سال ملک بھر میں 9 ہزار مساجد میں اعتکاف کی تقریبات منعقد ہوئیں اور 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد نے عبادت میں شرکت کی۔ حجت‌الاسلام سید علیرضا تکیہ‌ای نے ایران میں تین دن کے شاندار اعتکاف کے اختتام کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ اس سال ملک بھر میں تقریباً 9 ہزار مساجد میں، بڑے شہروں سے لے کر متعدد چھوٹے شہروں اور دیہاتوں تک، اعتکاف منعقد ہوا، اعتکاف میں شرکت کے خواہشمند افراد کی بہت بڑی تعداد مساجد میں جگہوں کی کمی کی وجہ سے اعتکاف پر بیٹھ نہیں سکی۔

انہوں نے اعتکاف میں اسکولوں میں پڑھنے والے نوجوانوں اور بچوں کی نمایاں شرکت کے متعلق گفتگو میں بتایا کہ لاکھوں بچوں کی اعتکاف میں شرکت موجودہ نسل کی دینی اور روحانی اقدار پر گہرے ایمان کی عکاسی ہے، اور یہ پرجوش شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن کے ایرانی نوجوان اور بچوں کے دینی اور اعتقادی نظریات و عقائد سے دوری کے متعلق اندازے اور شور شرابہ غلط ہے۔ تکیہ‌ای نے سال 2025 کے اعتکاف کی تقریبات کی معیار میں بہتری کے بارے میں کہا کہ جدید تبلیغی طریقہ ہائے کار کا استعمال اور معتکفین کی اعتکاف میں بنیادی ضروریات مکی فراہمی سمیت مساجد میں مجاہد شہید سید حسن نصر اللہ کی یاد میں تقریبات کا انعقاد عوام کی مزاحمت اور شہادت کے نظریات کے ساتھ گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی اعتکاف میں وسیع پیمانے پر شرکت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ روحانی پروگراموں کے لیے معاشرے میں بے پناہ طلب اور شوق موجود ہے۔ مرکزی اعتکاف کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی اس روحانی ضرورت کا جواب دینے کے لیے ملک کی مساجد کی صلاحیت کو بڑھانا چاہیے اور معتکفین کی بہتر میزبانی کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینی چاہیے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ملک میں کوئی بھی مسجد سہولیات کی کمی کی وجہ سے اعتکاف کے انعقاد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ثقافتی اداروں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف ایک عوامی تقریب ہے اور عوامی گروپوں کا اعتکاف کے انعقاد میں اہم کردار ہے، ثقافتی اداروں کا عوام کے ساتھ تعاون دینی اور ثقافتی پروگراموں کی مزید ترقی کا باعث بن سکتا ہے۔

تکیہ‌ای نے یہ کہا کہ دشمن ہمیشہ دینی اور قومی اقدار کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، نوجوانوں کی اعتکاف کی تقریبات میں بھرپور شرکت ان کوششوں کا بہترین جواب تھا اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ نئی نسل اب بھی اپنے روحانی اور اخلاقی اصولوں کی پابند ہے، توقع ہے کہ دینی اور سماجی ماہرین نوجوانوں اور بچوں کی اعتکاف کی طرف بڑھتی ہوئی دلچسپی کا تجزیہ کریں گے۔ مرکزی اعتکاف کے مسئول نے اس عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کی جانی چاہیے کہ رمضان المبارک کے اعتکاف اور آئندہ سالوں کے پروگراموں میں عوام، خاص طور پر نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے جواب میں منصوبہ بندی کیساتھ بہتر سہولیات کا انتظام کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1185275

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1185275/ایران-کی-9-ہزار-مساجد-میں-12-لاکھ-50-بچوں-اور-نوجوانوں-اعتکاف-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com