بھارت کے احتجاجی کسانوں اور حکومت کے درمیان 14 فروری کو چنڈی گڑھ میں بات چیت ہوگی
19 Jan 2025 13:36
بھارتی کسان فصلوں کیلئے ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی کی مانگ کر رہے ہیں، بزرگ کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال کی تامرگ بھوک ہڑتال آج 55ویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مودی حکومت 14 فروری کو چنڈی گڑھ میں پنجاب کے احتجاجی کسانوں کے ساتھ بات چیت کرے گی جس میں کسانوں کے مختلف مطالبات کو لے کر مذاکرات ہونگے۔ مودی حکومت کے سینیئر افسر نے میڈیا کو یہ جانکاری دی۔ بھارتی کسان فصلوں کے لئے ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی کی مانگ کر رہے ہیں۔ مجوزہ میٹنگ کے اعلان کے بعد بزرگ کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال طبی امداد لینے پر بھی راضی ہوگئے ہیں۔ ڈلیوال کی تامرگ بھوک ہڑتال آج 55ویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔ کسان لیڈر سکھ جیت سنگھ ہردو جھنڈے نے کہا کہ فصلوں کے لئے کم سے کم حمایتی قیمت (ایم ایس پی) پر قانونی گارنٹی دئیے جانے تک ڈلیوال اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔
اس سے پہلے جوائنٹ سکریٹری پریہ رنجن کی قیادت میں مرکزی وزارت زراعت کے افسروں کے ایک نمائندہ وفد نے ڈلییوال سے ملاقات کی اور سنیوکت کسان مورچہ اور کسان مزدور مورچہ کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی، جو گزشتہ 11 مہینوں سے تحریک کی قیادت کر رہے ہیں۔ 14 فروری کو میٹنگ کے اعلان کے بعد کسان لیڈروں نے ڈلیوال سے طبی امداد لینے کی اپیل کی تاکہ وہ مجوزہ بات چیت میں حصہ لے سکیں۔
14 فروری کو ہونے والی میٹنگ شام 5 بجے چنڈی گڑھ کے مہاتما گاندھی راجیہ لوک پرشاسن سنستھان میں ہوگی۔ کھنوری دھرنا کے مقام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پریہ رنجن نے کہا کہ جگجیت سنگھ ڈلیوال کی بگڑتی صحت کو دھیان میں رکھتے ہوئے مودی حکومت کے ذریعہ ایک اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد بھیجا گیا تھا۔ ہم نے ان کی صحت کے بارے میں جانکاری لی اور کسان تنظیموں کے نمائندوں سے میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزارش کرتے ہیں ڈلیوال اپنی بھوک ہڑتال توڑ دیں اور طبی امداد لیں تاکہ وہ میٹنگ میں حصہ لے سکیں۔
خبر کا کوڈ: 1185203