علامہ شبیر میثمی کیجانب سے رحیمیار خان میں جامعۃ الحسنین کا افتتاح، کارکنان کیجانب سے شاندار استقبال
18 Jan 2025 17:15
جامعۃ الحسنین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاراچنار کی صورتحال تشویشناک ہے، اس حوالے سے ہماری جدوجہد تسلسُل کے ساتھ جاری ہے اور جاری رہے گی۔ میں تمام ذمہ داران کو متنبہ کرتا ہوں کہ مسائل کا سنجیدہ حل نکالا جائے۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جشن مولود کعبہ امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور افتتاح جامعۃ الحسنین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ ہم کو امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت سے منسلک کیا اور یہ ایک ایسی نعمت عظمیٰ ہے، جس کے ذریعے انسان اپنی دنیا اور آخرت کے تمام مراحل میں کامیاب و سرفراز رہتا ہے۔ الحمد اللہ پوری دنیا، تمام عالم اسلام مولا امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ذات و صفات کی روشنی میں ہی زندگی بسر کرنے کو عزت و شان سمجھتا ہے۔
رسول اللہ (ص) کا ایسا جانثار ہے میرا مولا کہ جس پر خد رسول اعظم (ص) کو بھی فخر تھا، لہذا ہم کو آپ کی سیرت کی روشنی میں اپنے علاقے میں موجود غریبوں، مسکینوں اور یتیموں کا خیال رکھنا ہوگا۔ آپ کی زندگی کا اہم پہلو خدمت خلق تھا، جس پر ان کے پیروکاروں کو بھرپور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس یو سی پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاراچنار کی صورتحال تشویشناک ہے، اس حوالے سے ہماری جدوجہد تسلسُل کے ساتھ جاری ہے اور جاری رہے گی۔ میں تمام ذمہ داران کو متنبہ کرتا ہوں کہ مسائل کا سنجیدہ حل نکالا جائے۔ آخر میں میں تمام علماء کرام، تنظیمی احباب اور علاقہ معززین کا بھی شکریہ ادا ادا کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ: 1185196