کئی دروازوں سے بیک وقت مذاکرات نہیں چلا کرتے، عرفان صدیقی کا پی ٹی آئی کو پیغام
18 Jan 2025 21:26
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مسلم لیگ نون کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی آئی کے چیئرمین کی آرمی چیف سے ’’ملاقات‘‘ کی ساری تفصیلات اور مکالموں کا علم ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ براہ راست اعلیٰ ترین فوجی سطح پر بات شروع ہوگئی ہے جو اطمینان بخش ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے آرمی چیف سے ملاقات کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دروازوں سے بیک وقت مذاکرات نہیں چلا کرتے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مجھے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ’’ملاقات‘‘ کی ساری تفصیلات اور مکالموں کا علم ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ براہ راست اعلیٰ ترین فوجی سطح پر بات شروع ہوگئی ہے جو اطمینان بخش ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیک ڈور پراسیس بھی چلے گا اور فرنٹ ڈور پراسیس بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2-2، 3-3 دروازوں سے مذاکرات بیک وقت نہیں چلا کرتے لہٰذا اب چھوٹے چھوٹے دروازوں، کھڑکیوں اور روشن دانوں میں جھانکنے کا کوئی فائدہ نہیں، اگر وہ دروازہ کھل گیا ہے جس کیلئے سال سے کوشاں تھے تو یہ کوشش چھوڑ دیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ علیمہ خان بھی ملاقات کو خوش آئند قرار دے رہی ہیں۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ میری اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی تھی جسے سابق وزیراعظم عمران خان نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ میری جو بھی ملاقات کسی سے بھی ہوتی ہے، میں تب بتاتا ہوں جب خان صاحب کی مجھے ہدایت ہوتی ہیں، میں جہاں بھی جاتا ہوں جو بھی کرتا ہوں وہ بانی ہی ٹی آئی کیلئے اور ان کی ہدایات کے مطابق کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ: 1185121