عالمی برادری غزہ میں جرائم کے مرتکب افراد کو سزا دے، ہیومن رائٹس مانیٹر
18 Jan 2025 19:37
غزہ میں سنگین جنگی جرائم کے مرتکب صیہونی حکام کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یورو-میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ کا دورہ اور وہاں ہونیوالی انسانی تباہی کے طول و عرض و نسل کشی پر مبنی صیہونی جنگ کی وسیع سطح کا خود مشاہدہ کرے!
اسلام ٹائمز۔ جنیوا میں قائم یورو-میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر (Euro-Med Human Rights Monitor) نے اعلان کیا ہے کہ اگرچہ بین الاقوامی برادری غزہ میں نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہی ہے لیکن اب اسے انسانی حقوق کے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی میں بھی ناکام نہیں ہونا چاہیئے۔ یورو میڈیٹرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق فوری طور پر غزہ کا دورہ اور وہاں وقوع پذیر ہونے والی وسیع انسانی تباہی کے طول و عرض اور نسل کشی پر مبنی صیہونی جنگ کے وسیع پیمانے کا خود اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کرے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ہیومن رائٹس مانیٹر کے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ہم انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے لئے غزہ میں نمائندہ دفتر کھولنے اور بین الاقوامی تحقیقاتی ٹیموں کے داخلے میں فوری سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ (اسرائیلی) جنگی جرائم کی دستاویزاتی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یورو-میڈیٹیرینین مانیٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہیگ کی عالمی عدالت کو بھی غزہ میں ایک مستقل دفتر قائم کرنا اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کے لئے غزہ میں اپنی تحقیقاتی ٹیمیں بھیجنا چاہیئیں تاکہ قانونی کارروائی میں نسل کشی کے جرم کو بھی شامل کیا جا سکے۔ اس بیان میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کے مرتکب افراد کو جوابدہ بنانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کے لئے فوری و موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے مزید کہا کہ عالمی برادری و عالمی ادارے، مجرموں کو سزا دینے کے لئے لازم الاجراء طریقہ کار قائم کریں اور غزہ میں انجام پانے والے ان خطرناک جرائم کے مرتکب افراد کو سزا سے بچنے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔ اپنے بیان کے آخر میں یورو میڈیٹرینین ہیومن رائٹس مانیٹر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ کے حوالے سے 3 راستے اپنائے: زندہ بچ جانے والوں کے قتل عام کا خاتمہ، قتل کر دیئے جانے والوں کی لاشوں کی بازیابی اور لاپتہ افراد کے انجام کے بارے اطلاعات کا حصول، جس کے ساتھ ساتھ عدالت و انصاف کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی تحقیقات کا آغاز بھی ہونا چاہیئے!
خبر کا کوڈ: 1185087