QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی تاریخی حقائق نظرانداز نہ کریں، جام کمال خان

17 Jan 2025 21:29

سرفراز بگٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ ہماری خدمات سب کے سامنے ہیں۔ حب اور لسبیلہ میں جام خاندان نے کوششیں کیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حب اور لسبیلہ کی ترقی میں جام خاندان کا کردار اہم ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی ہماری خدمات فراموش نہ کریں۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے حب جلسے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ حب شہر کا صنعتی علاقہ جام خاندان کی ذاتی زمین پر قائم ہوا۔ ماربل سٹی اور شپ بریکنگ انڈسٹری بلوچستان میں معاشی ترقی کے لئے جام خاندان کے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حقائق کو نظرانداز کرنا درست نہیں ہے۔ ہماری عوامی خدمات سب کے سامنے ہیں۔ حب پاور پروجیکٹ اور BOSICOR آئل ریفائنری بھی جام خاندان کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔

جام کمال خان نے حب اور لسبیلہ کی ترقی میں سرفراز بگٹی کے دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر حکومت کو حب اور لسبیلہ کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ اگر بعد کی حکومتیں جام خاندان کے منصوبوں کی حفاظت نہ کر سکیں تو اس میں جام خاندان کا کیا قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست لسبیلہ کو جام غلام قادر کی قیادت میں پاکستان کا حصہ بنایا گیا۔ حب اور لسبیلہ کے عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔ حب اور لسبیلہ کی ترقی کے لئے مزید تعاون اور تسلسل کی ضرورت ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا ہر حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تاریخ کو نظرانداز نہ کریں، خدمات کے حقائق کو تسلیم کریں حب شہر کی ترقی عوامی خدمت کے لئے ایک روشن مثال ہے۔


خبر کا کوڈ: 1184970

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184970/وزیراعلی-سرفراز-بگٹی-تاریخی-حقائق-نظرانداز-نہ-کریں-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com