QR CodeQR Code

دمشق میں اسپین کا اپنا سفارت خانہ دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ

16 Jan 2025 22:31

آج صبح، ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی آناتولی نے وزیر خارجہ اسپین کے شام کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ شام کی نئی حکومت کے رہنما نے جمعرات کے روز دمشق میں اسپین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جو دونوں ممالک کے درمیان بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلا سرکاری رابطہ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ اسپین نے 12 سال بعد دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا، جس کی افتتاحی تقریب میں اسپین کے وزیر خارجہ نے شرکت کی۔ فارس نیوز کے مطابق، اسپین نے آج (جمعرات) دمشق میں اپنے سفارت خانے پر دوبارہ قومی پرچم لہرا دیا اور 12 سال بعد شام کی نئی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر لیے۔ روزنامہ ڈیلی صباح کی رپورٹ کے مطابق، اسپین نے مارچ 2012 میں شام میں داخلی بدامنی کے باعث اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔

اسپین کے وزیر خارجہ خوزے مانوئل آلبارس نے دارالحکومت دمشق میں اپنے سفارت خانے کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہاں موجود ہونا میرے لیے باعث فخر ہے۔ اسپین کا پرچم دوبارہ بلند کرنا شام کے مستقبل کے لیے ہماری امید اور شامی عوام کے بہتر مستقبل کے عزم کا اظہار ہے۔ آج صبح، ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی آناتولی نے وزیر خارجہ اسپین کے شام کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ شام کی نئی حکومت کے رہنما نے جمعرات کے روز دمشق میں اسپین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جو دونوں ممالک کے درمیان بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلا سرکاری رابطہ تھا۔

وزیر خارجہ آلبارس نے شام روانگی سے قبل اسپین کے ٹی وی چینل ٹی وی ای کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرا پیغام شام کے لیے حمایت کا پیغام ہے، لیکن ہمارے کچھ سرخ لکیریں ہیں۔ شام کو پُرامن ہونا چاہیے، اسے جامع ہونا چاہیے، اور تمام شہریوں بشمول خواتین اور مذہبی و نسلی اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 1184845

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184845/دمشق-میں-اسپین-کا-اپنا-سفارت-خانہ-دوبارہ-فعال-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com