QR CodeQR Code

جنگ بندی معاہدہ پیر سے پہلے نافذ نہیں ہوگا، اسرائیلی میڈیا

16 Jan 2025 23:48

ٹائمز آف اسرائیل اخبار کے مطابق، تل ابیب نے تاحال سرکاری طور پر اس معاہدے کی منظوری نہیں دی جو ایک دن قبل اعلان کیا گیا تھا، اور یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حماس مذاکرات میں نئی شرائط پیش کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایک صہیونی میڈیا رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی کابینہ کے اجلاس کے ملتوی ہونے کی وجہ سے جنگ بندی کے معاہدے پر پیر سے پہلے عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا۔ فارس نیوز کے مطابق، اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے رپورٹ دی کہ چونکہ کابینہ نے جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری کے لیے ووٹنگ کو ہفتہ کی رات تک مؤخر کر دیا ہے، اس لیے اس پر پیر سے پہلے عمل درآمد کا امکان کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق، نیتن یاہو کی کابینہ کے وزراء طے شدہ پروگرام کے مطابق کل (جمعہ) جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت کے لیے ملاقات کریں گے، لیکن اس اجلاس کا دوسرا مرحلہ ہفتہ کی رات ہوگا۔

مصری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بلا تاخیر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ ٹائمز آف اسرائیل اخبار کے مطابق، تل ابیب نے تاحال سرکاری طور پر اس معاہدے کی منظوری نہیں دی جو ایک دن قبل اعلان کیا گیا تھا، اور یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حماس مذاکرات میں نئی شرائط پیش کر رہی ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی کابینہ کے اندرونی اختلافات پر توجہ مرکوز ہے۔

انتہا پسند وزیر ایتمار بن گویر نے کہا ہے کہ جیسے ہی یہ معاہدہ نافذ ہوگا، وہ کابینہ سے استعفیٰ دے دے گا۔ اس نے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہماری شکست کے مترادف ہے۔


خبر کا کوڈ: 1184838

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184838/جنگ-بندی-معاہدہ-پیر-سے-پہلے-نافذ-نہیں-ہوگا-اسرائیلی-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com