بلاول بھٹو زرداری کا اسپین کشتی حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار
16 Jan 2025 22:28
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ چند ہفتوں میں تارکینِ وطن کی کشتی کا ایک اور حادثہ پیش آنا پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیئے، لوگ اپنے پیاروں کو انسانی سمگلنگ کے جرائم میں ملوث بھیڑیوں کے حوالے نہ کریں۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپین جانے کی کوشش میں تارکین وطن سے بھری کشتی حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کشتی حادثہ میں پاکستانیوں سمیت اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور کشتی حادثہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع میرے لیے باعثِ صدمہ ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ اسپین میں پاکستانی سفارتخانہ اور وفاقی حکومت حادثہ میں اپنے جانیں گنوانے والے شہریوں کی لاشوں کو فوری طور وطن لانے اور متاثرہ خاندانوں کی درست معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ ایک اور یادہانی ہے کہ مکروہ انسانی سمگلنگ کی روکتھام کے لیے موثر اقدامات اٹھانا ناگذیر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں تارکینِ وطن کی کشتی کا ایک اور حادثہ پیش آنا پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے پیاروں کو انسانی سمگلنگ کے جرائم میں ملوث بھیڑیوں کے حوالے نہ کریں۔
خبر کا کوڈ: 1184772