کرم کے حالات ہر گزرتے دن کیساتھ مزید خراب ہورہے ہیں، علامہ جہانزیب جعفری
16 Jan 2025 18:32
ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ روڈ کی سیکورٹی ایف سی یا پاک فوج نے کی ہے، وفاقی حکومت ابھی تک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں کو تعینات نہ کرکے کرم کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کررہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے حکمرانوں کے وعدوں اور بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 107 دن ہوگئے، ٹل، پاراچنار روڈ کو عوام کی آمدورفت کے لیے نہ کھولا جا سکا جو کہ حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ابھی تک ادویات، پٹرولیم مصنوعات یا گیس کی ایک گاڑی بھی نہیں پہنچائی گئی۔ پاراچنار کی 5 لاکھ کی آبادی کے لئے چند ٹرک بھیج کر ان کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ اس وقت ٹل ہنگو میں درجنوں گاڑیاں جانے کے لئے تیار ہیں مگر حکمرانوں کی بے حسی پر ماتم کر رہے ہیں۔ صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام کی آمدورفت کے لئے روڈ کو نہ کھولا گیا تو حالات مزید خراب ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ روڈ کی سیکورٹی ایف سی یا پاک فوج نے کی ہے، وفاقی حکومت ابھی تک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں کو تعینات نہ کرکے کرم کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کررہی ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صوبائی حکومت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرم کے حالات کسی طرح بھی ٹھیک نہیں ہوئے بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہورہے ہیں۔ آرمی چیف کرم کے حالات پر خصوصی توجہ دں تاکہ پیدا ہونے والے انسانی المیے پر قابو پایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ: 1184738