QR CodeQR Code

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر خیبر پختونخوا بھر میں کل یوم تشکر منائینگے، عبدالواسع

16 Jan 2025 18:18

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے رہنماء کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے غزہ کو وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کھنڈرات میں تبدیل کیا لیکن جذبہ جہاد کو شکست نہ دے سکا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمان کی کال پر کل ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں یوم تشکر کے طور پر منایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں عبدالواسع نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر گزشتہ سال حملے سے قبل فلسطین کو فتخ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے جو لازوال قربانیاں دی ہیں انسانی تاریخ میں اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے غزہ اور فلسطین پر آگ اور بارود کی بارش کرکے انسانی آبادیوں کو ملیامیٹ کیا اور غزہ اس وقت عملا کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچے خواتین اور نہتے فلسطینوں نے ارض پاک اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے جانوں کی قربانی سے دریع نہیں کیا ہے بلاشبہ اسرائیل نے طاقت کا ہرحربہ استعمال کیا لیکن فلسطینوں کے جذبہ جہاد کو شکست نہ دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں کبھی بھی امن کا ضامن نہیں بن سکتی بلکہ جنگوں سے پاک پرامن ماحول ہی انسانی ترقی کے لئے اولین ضرورت کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان دنیا بھر میں ہمیشہ گفت و شنید کے ذریعے مسائل کے حل کی حامی ہے اسرائیل ڈیڑھ سال سے وحشیانہ بمباری کے باوجود غزہ کو حماس سے خالی نہ کرسکا اور اب مذاکرات کی میز پر آگیا ہے۔ جماعت اسلامی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر ملک بھر میں یوم تشکر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1184737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184737/حماس-اور-اسرائیل-کے-درمیان-جنگ-بندی-پر-خیبر-پختونخوا-بھر-میں-کل-یوم-تشکر-منائینگے-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com