جنگ بندی کے اعلان کے بعد غزہ پر مزید اسرائیلی حملے، 50 فلسطینی شہید و زخمی
16 Jan 2025 15:25
عرب میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد غاصب و سفاک صیہونی رژیم نے غزہ کی پٹی پر مزید ہوائی حملے کئے ہیں جنمیں کم از کم 50 فلسطینی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں
اسلام ٹائمز۔ مقامی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ غاصب و سفاک صیہونی رژیم نے جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے باوجود غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر مجرمانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس بارے غزہ کے شہری دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اطلاع دی گئی ہے کہ غاصب و سفاک صیہونی رژیم نے غزہ میں شیخ رضوان کے علاقے میں 4 مکانات پر گولہ باری کرتے ہوئے مزید 12 فلسطینی شہریوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا ہے۔ اس حوالے سے عرب چینل الجزیرہ نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ قابض صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی رہائشی علاقوں پر ہونے والی تازہ بمباری میں مزید 30 فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔ غزہ کی پٹی سے الجزیرہ کے نامہ نگار نے مزید بتایا کہ غاصب صیہونی رژیم نے شہر غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان کو بھی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا جس میں 7 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ الجزیرہ نے غزہ کے طبی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ بدھ کی صبح سے جاری غاصب صہیونی رژیم کے وحشیانہ حملوں میں شیہد ہونے والے فلسطینی شہریوں کی کل تعداد 82 ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1184701