QR CodeQR Code

اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ بہتر مستقبل کا موقع ہے، اینٹونیو گیوٹریس

16 Jan 2025 15:01

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فلسطینی مزاحمتی تحریک اور غاصب اسرائیلی رژیم کے درمیان طے پانیوالے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور غاصب صیہونیوں کی "قابض ماہیت" کیجانب اشارہ کئے کہا کہ اقوام متحدہ مشرق وسطی کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس معاہدے کو فلسطینیوں و "اسرائیلیوں" کے بہتر مستقبل کی تعمیر کیلئے ایک بہتر موقع کے طور پر استعمال کریں!


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گیوٹریس نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس و غاصب صیہونی رژیم کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کو سراہا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ حماس و اسرائیلی رژیم کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ، ایک بہتر مستقبل بنانے کا موقع ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد غاصب صیہونیوں کی "قابض ماہیت" کی جانب اشارہ کئے بغیر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ مشرق وسطی کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیل و حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے حالیہ معاہدے کو فلسطینیوں و "اسرائیلیوں" کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے ایک بہتر موقع کے طور پر استعمال کریں!

اینٹونیو گیوٹریس نے کہا کہ میں فریقین سمیت تمام متعلقہ اتحادیوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے فلسطینیوں، اسرائیلیوں اور پورے خطے کے بہتر مستقبل کے لئے ایک قابل اعتماد سیاسی راستہ تشکیل دیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ "قبضے کا خاتمے" اور "مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کا حصول" بدستور ایک فوری ترجیح ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں اینٹونیو گیوٹریس نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھانے کو تیار ہے، لیکن اسے توقع ہے کہ دوسرے فریق بھی میدان میں ان کوششوں کے مطابق جواب دیں گے۔

ادھر، جنگ بندی کے اعلان کے فورا بعد ہی غاصب و قابض صیہونی رژیم نے بھی اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی رژیم غزہ پر مسلط کردہ 15 ماہ کی اپنی (انسانیت سوز) جنگ کے بعد بھی حماس کو ختم کر ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ قبل ازیں قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیلی رژیم، جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے مسودے پر رضامند ہو گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1184696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184696/اسرائیل-حماس-کے-درمیان-جنگ-بندی-معاہدہ-بہتر-مستقبل-کا-موقع-ہے-اینٹونیو-گیوٹریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com