QR CodeQR Code

دنیا کے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، حریت کانفرنس

16 Jan 2025 12:42

ترجمان حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پوری وادی کشمیر کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے، سرینگر اور دیگر قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور شہریوں کی جامہ تلاشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ حریت کانفرنس نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کی کال دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پوری وادی کشمیر کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے، سرینگر اور دیگر قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں اور چوکیاں قائم کی ہیں جہاں گاڑیوں ،مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر بلاجواز چھاپوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک گردانتا ہے لیکن اس نے کشمیریوں کے جمہوری حقوق بری طرح سلب کر رکھے ہیں اور وہ انہیں اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت مانگنے پر بڑے پیمانے پر ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔انہو ں نے کہا کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کیوجہ سے جنوبی ایشیا مسلسل عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، اس مسئلے کو حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں امن اور ترقی کے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کے سارے حقوق اس وقت سلب ہیں اور بی جے پی حکومت ان کی شاخت چھین کر انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری 26 جنوری کو حسب سابق بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منا کر جموں و کشمیر پر مسلسل غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اس روز بھارت کے ساتھ عالمی برادری کو بھی ایک مرتبہ پھر باور کرایا جائے گا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1184669

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184669/دنیا-کے-نام-نہاد-جمہوری-ملک-بھارت-نے-کشمیریوں-تمام-بنیادی-حقوق-سلب-کر-رکھے-ہیں-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com