بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے چوہدری انوار الحق کی ملاقات
16 Jan 2025 10:44
اس موقع پر دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور وہاں کشمیری عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم چوہدری انوارلحق نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے چوہدری انوارلحق کی ایوان صدر مظفرآباد میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور وہاں کشمیری عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اور مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف بیس کیمپ سے اندرون و بیرون ملک بھرپور آواز اٹھائی جائے گی اور مودی حکومت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر میں گوڈگورننس کے قیام کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا تاکہ آزاد ریاست میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو اور عام آدمی کا معیار زندگی بھی بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1184626