QR CodeQR Code

نئے صوبوں سے معاشی، سیاسی اور اقتصادی بہتری آئیگی، ڈاکٹر سلیم حیدر

15 Jan 2025 19:39

سماجی شخصیات سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ایم آئی ٹی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں سندھی النسل وڈیرے قابض ہوگئے ہیں اور وہ مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہری کا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ صوبوں میں انتظامی دشواریاں اور سیاسی افراتفری کے باعث نئے صوبے بناکر عوام کو اور عوامی نمائندوں کو بھرپور اختیار دیا جاسکتا ہے، اس سے عوامی سطح پر مسائل بھی حل ہوں گے اور گڈ گورننس بھی قائم ہوسکے گی۔ وہ کراچی کے مختلف مہاجر رہنماؤں، تاجروں اور سماجی شخصیات سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ ایم آئی ٹی روز اول سے مہاجر صوبے کی تحریک چلارہی ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کے مسائل کا واحد حل مہاجر صوبہ ہے جس کے ذریعے مہاجروں میں احساس محرومی بھی دور کیا جاسکتا ہے اور مہاجروں کو روزگار سے لے کر تعلیم تک کے مواقع فراہم ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں سندھی النسل وڈیرے قابض ہوگئے ہیں اور وہ مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہری کا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں، تعلیم سے لے کر ملازمت تک مہاجروں پر دروازے بند کردیئے گئے اس صورتحال کا واحد حل سندھ میں مزید صوبوں کا قیام ہے، اسی طرح پنجاب، بلو چستان اور خیبرپختونخواہ میں بھی نئے صوبے بنائے جائیں تاکہ صوبے بھی مضبوط ہوں اور وفاق بھی مستحکم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ون یونٹ کی تقسیم کے بعد سے سندھ میں مہاجروں کے ساتھ صوبائی سطح پر زیادتی کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے، اسی طرح ملک میں دیگر قومیتوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کیا گیا لہٰذا اب نئے صوبوں کی تشکیل سے ملک میں سیاسی، سماجی اور اقتصادی طورپر بہتری پیدا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 1184522

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184522/نئے-صوبوں-سے-معاشی-سیاسی-اور-اقتصادی-بہتری-آئیگی-ڈاکٹر-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com