پی ٹی آئی کو تسلیم نہ کرنے پر افراتفری جاری رہے گی، فواد چودھری
15 Jan 2025 12:20
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بہت کچھ بہتر ہوا ہے، سب لوگ بتا رہے ہیں لوکل ماحول بہتر ہوا ہے ، تحریک انصاف کو مذاکرات کا حصہ بننا چاہئے ، اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور اپوزیشن میں سے لوگ پاکستان کیلئے سامنے آئیں۔
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو تسلیم نہ کرنے تک ملک افراتفری کا شکار رہے گا۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بہت کچھ بہتر ہوا ہے، سب لوگ بتا رہے ہیں لوکل ماحول بہتر ہوا ہے ، تحریک انصاف کو مذاکرات کا حصہ بننا چاہئے، اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور اپوزیشن میں سے لوگ پاکستان کیلئے سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات انتہائی مثبت عمل ہے، سیاست کرنے کا ایک ماحول ملنا چاہیے، جب تک تحریک انصاف کو تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں افراتفری رہے گی، ہر جماعت میں شدت پسند لوگ ہیں، خواجہ آصف کو شامل نہیں کیا اس لئے وہ غصہ میں ہیں۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے تو فوری طور پر ان کو جیل سے نکالنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت میں فواد چودھری کی پانچ مقدمات میں درخواست ضمانت پر جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تمام مقدمات میں تفتیش مکمل ہے، فواد چودھری کے وکیل ایڈووکیٹ نجیب فیصل نے کہا کہ پولیس نے اپنے دفتر بلوایا ہے، دفتر جا کر الزامات کی تفصیلات دیکھ لیں گے۔ بعدازاں عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 12 فروری تک توسیع کر دی۔
خبر کا کوڈ: 1184430