QR CodeQR Code

ڈاکٹرز کیساتھ ہیں، ڈی جی ہیلتھ ایف آئی آر واپس لیں، ینگ فارماسسٹ بلوچستان

14 Jan 2025 20:28

اپنے بیان میں ینگ فارماسسٹ کے ترجمان نے کہا کہ حقائق چھپانے کیلئے ینگ ڈاکٹرز پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے ایف آئی آر درج کی گئی۔ جسے فوری ختم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ینگ فارماسسٹ الائنس نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور ڈی جی ہیلتھ بلوچستان کے درمیان تنازعہ میں ینگ ڈاکٹرز کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز پر درج ایف آئی آر ختم کی جائے۔ اپنے بیان میں ینگ فارماسسٹ الائنس کے ترجمان نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج واضح طور پر دکھا رہی ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماء ڈاکٹر بہار شاہ پر ڈی جی ہیلتھ نے حملہ کیا، مگر حقائق چھپانے کے لئے بے بنیاد الزامات عائد کرکے ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس جھوٹی ایف آئی آر میں نامزد پانچ میں سے تین ڈاکٹرز واقعہ کے وقت ہسپتال میں موجود ہی نہیں تھے، جو اس کیس کے جھوٹے ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

ینگ فارماسسٹس الائنس نے ایف آئی آر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایف آئی آر فوری طور پر ختم کی جائے۔ واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ایسے اقدامات کیے جائیں جو صحت کے شعبے کو ذاتی اور سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھ سکیں۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے کے افراد کو جھوٹے الزامات کے ذریعے ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ہم ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1184320

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184320/ڈاکٹرز-کیساتھ-ہیں-ڈی-جی-ہیلتھ-ایف-آئی-آر-واپس-لیں-ینگ-فارماسسٹ-بلوچستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com