افسوس کہ عمر عبداللہ نے مودی کی تعریف تو کی لیکن دفعہ 370 کی بحالی کا ذکر نہیں کیا، محبوبہ مفتی
14 Jan 2025 19:01
جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر نے وزیراعلٰی عمر عبداللہ کو کم نظر سیاست دان قرار دیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں نے زیڈ موڑ ٹنل کی افتتاحی تقریب میں جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی عمر عبداللہ کی تقریر پر انہیں نشانہ بنایا ہے۔ اس ٹنل کا کل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افتتاح کیا۔ عمر عبداللہ سے اپوزیشن لیڈر ناراض ہیں کیونکہ انہوں نے اس دوران دفعہ 370 کو ختم کرنے اور اس کی بحالی کا ذکر نہیں کیا۔ ٹنل کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے نریندر مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موسم صاف ہے اور سردی کے باوجود آسمان پر بادل نہیں ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے عمر عبداللہ کو کم نظر سیاست دان قرار دیا۔ محبوبہ مفتی نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے دورہ کشمیر کا ایک کلپ شیئر کیا، جس میں انہوں نے جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت کے بارے میں بات کی۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی کے ان تین الفاظ نے مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں، خاص طور پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، جو اس وقت کانگریس کے ساتھ اتحاد میں تھی، کے درمیان آنجہانی وزیر اعظم کے لئے سیاسی خیر سگالی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک کم نظر سیاست دان اور ایک سچے سیاستدان کے درمیان فرق واضح ہے، 2003ء میں، اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے اپنے سرینگر کے دورے کے دوران، مفتی سعید کے امن اور احترام کے وژن پر بہت اعتماد ظاہر کیا تھا، حالانکہ اس وقت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس محض 16 ارکان اسمبلی تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے وزیراعلیٰ نے 50 ایم ایل اے ہونے کے باوجود اگست 2019ء میں دہلی کے یکطرفہ اقدامات کے بعد حالات کو معمول پر لانے کے لئے سب کچھ کیا جس نے جموں و کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کر دیا۔ قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی نے زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کیا جو گاندربل ضلع کے کنگن شہر کو سیاحتی مقام سونمرگ سے جوڑتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1184302