QR CodeQR Code

غزہ، حق بیانی پر صحافی قبیلے کے 204 افراد قربان

14 Jan 2025 15:50

اپنے ایک جاری بیان میں غزہ کے سرکاری دفتر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم اس وحشیانہ اور گھناؤنے جرم کا مکمل ذمے دار اسرائیل، امریکہ اور غزہ میں جاری نسل کشی میں شامل صیہونی رژیم کے حامیوں برطانیہ، فرانس و جرمنی کو سمجھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آج غزہ کی پٹی میں قائم دفتر اطلاعات نے اعلان کیا کہ صفاء نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر "محمد بشیر تلمس" صیہونی بمباری میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ یہ بمباری غزہ کے محلے "شیخ رضوان" میں کی گئی۔ واضح رہے کہ کہ محمد بشیر تلمس کی شہادت کے بعد غزہ پر مسلط شدہ جنگ کے 466ویں دن 204 صحافی اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اس واقعے کے بعد غزہ میں سرکاری اطلاعات کے دفتر نے کہا کہ ہم صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے اور انہیں قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بین الاقوامی فیڈریشن، عرب یونین آف جرنلسٹس اور دنیا بھر کی تمام میڈیا تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں صحافیوں اور میڈیا کے خلاف منظم صیہونی جرائم کی مذمت کرے۔



غزہ کے سرکاری دفتر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم اس وحشیانہ اور گھناؤنے جرم کا مکمل ذمے دار اسرائیل، امریکہ اور غزہ میں جاری نسل کشی میں شامل صیہونی رژیم کے حامیوں برطانیہ، فرانس و جرمنی کو سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب اس قبیح فعل پر صفاء نیوز نے لکھا کہ محمد بشیر تلمس کا جسد خاکی، محلہ شیخ رضوان میں اپنے دوستوں، ساتھیوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر "محمد ابو قمر" نے مذکورہ شہید کی نماز جنازہ میں کہا کہ آج ہمارا ساتھی محمد بشیر تلمس دیگر شہید صحافیوں کے ساتھ مل گیا۔ وہ ہماری نیوز ایجنسی کا دوسرا شہید ہے کہ جسے فلسطینیوں کی نسل کشی رپورٹ کرنے کی پاداش میں جان سے مار دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1184284

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1184284/غزہ-حق-بیانی-پر-صحافی-قبیلے-کے-204-افراد-قربان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com