مظفرآباد، نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
14 Jan 2025 11:01
پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے اس موقع پر کہا کہ نریندر مودی کے ہاتھ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہے اور ان کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کا مقصد عالمی برادری کو جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں گمراہ کرنا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام آج مظفرآباد میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اولڈ سیکرٹریٹ مظفرآباد کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تحریروں میں کہا گیا تھا نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ شخص ہے۔ اس موقع پر پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کو مسترد کرتے ہیں جو مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی اڈہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں فوجی مقاصد کے لیے تعمیر کی جانے والی سڑکوں اور سرنگوں اور ریل کی پٹری کی وجہ سے کشمیری کاشت کاروں کو ان کی ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ سے زائد قابض فوجیوں کو تعینات کر کے مقبوضة علاقے کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے اس موقع پر کہا کہ نریندر مودی کے ہاتھ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہے اور ان کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کا مقصد عالمی برادری کو جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے مقبوضہ علاقے کو دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا تھا۔ پاسبان حریت کی اپیل پر آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میرپور، ڈھڈیال، کوٹلی، باغ اور نیلم میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
خبر کا کوڈ: 1184222