اصلاحی معاشرے کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی
13 Jan 2025 20:32
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ علماء کرام اسلام کی ترویج کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں، جو قومیں تعلیم سے رشتہ مضبوط رکھتی ہیں وہ ہی ترقی کے سفر میں آگے ہوتی ہیں،مدارس سے فارغ ہونے والے طلبہ پر معاشرے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ وہ یہاں سے جا کر معاشرہ کو دین سے آراستہ کرنے کا کام کریں۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اصلاحی معاشرے کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے۔ علماء کرام معاشرے میں اسلام کی ترویج کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ جو قومیں تعلیم سے رشتہ مضبوط رکھتی ہیں وہ ہی ترقی کے سفر میں آگے ہوتی ہیں۔ مدارس دینیہ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعلیم کیساتھ ساتھ کردار سازی بھی کی جاتی ہے۔ مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید علوم سے بھی آراستہ ہوتا ہیں۔ قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی انسان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ مدارس میں زیرتعلیم طلبہ خود کو تمام برائیوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن میں شمولیت اختیار کرنے والے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے مرکزی صدر مفتی ندیم قمر،مفتی عبدالستارسعیدی،مولانا محمدسلیم نعیمی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مدارس سے فارغ ہونے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب ایک نئی زندگی کی شرعات کرنے جا رہے ہیں۔ آپ لوگ قوم کا سرمایہ ہیں۔معاشرے کیلئے اہم کردار ادا کریں۔ آپ انتہائی خوش قسمت ہیں کہ مالک کائنات نے آپ کو وارثین انبیاءکی صف میں شامل کردیا ہے۔مدارس سے فارغ ہونے والے طلبہ پر معاشرے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ وہ یہاں سے جا کر معاشرہ کو دین سے آراستہ کرنے کا کام کریں۔
خبر کا کوڈ: 1184163