کچھی، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 27 دہشتگرد ہلاک
13 Jan 2025 20:01
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 جنوری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا گیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے بشمول اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی تباہ کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1184152