بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، مزمل ایوب
12 Jan 2025 07:58
لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی کشمیر کے معروف کارکن مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا کر عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے حق خودارادیت سے محروم ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں فوری طور پر یہ حق دیا جائے۔ ذرائٰع کے مطابق مزمل ایوب ٹھاکر نے کشمیر کے حوالے سے لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے جہاں تعینات لاکھوں بھارتی فوجی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کئی دہائیوں سے حق خودارادیت سے محروم ہیں، بھارتی فوجیوں نے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کشمیری خواتین کو آبروریزی کا نشانہ بنایا ہے، ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کی آواز سنی جائے اور دنیا انہیں ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔ مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ بھارت نے بھی برطانیہ سے اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی اور ہر بھارتی کا ماننا ہے کہ انگریزروں کیخلاف ان کی جدوجہد جائز تھی جبکہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو غلط اور غیر قانونی مانتے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی مختلف قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے لہذا بھارت کشمیریوں کی آواز دبا کر اس عالمی ادارے کی بھی توہین کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنا کشمیریوں کا قانونی حق ہے کیونکہ انہیں یہ حق اقوام متحدہ کا چارٹر دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ حقوق کے لیے لڑنا اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کرنا کشمیریوں کا فرض بھی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183844