او آئی سی کیطرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
12 Jan 2025 07:47
ذرائع کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور تنازعہ کے منصفانہ حل کی وکالت کے لیے او آئی سی کی جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر کاز کی غیر متزلزل اور اصولی حمایت پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، محصور آبادی تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور جنگی جرائم پر اسرائیل کے عالمی احتساب کا مطالبہ کیا۔ حسین برہم طحہ نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل کی بنیاد پر حل خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ دونوں رہنماوں نے اسلامو فوبیا میں خطرناک حد تک اضافے سمیت باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے او آئی سی کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور تنظیم کو مسلم دنیا کے لیے زیادہ موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ: 1183843