وفاقی حکومت وقت گزار رہی اور پی ٹی آئی کو ایک کونے میں لے جا رہی ہے، جاوید چوہدری
11 Jan 2025 22:28
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کا عمل طویل ہے، تاہم اس وقت ہر کوئی امریکا کی طرف دیکھ رہا ہے کہ نومنتخب صدر کی جانب سے کیا تاثر آتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سینئر صحافی، تجزیہ کار اور اینکر پرسن جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کے نام پر وقت پاس کر رہے ہیں، دونوں جانب سے ٹرمپ کے امریکی صدر کا حلف اٹھانے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کا عمل طویل ہے، تاہم اس وقت ہر کوئی امریکا کی طرف دیکھ رہا ہے کہ نومنتخب صدر کی جانب سے کیا تاثر آتا ہے۔ تجزیہ کار جاوید چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے تحریری دستاویز میں مزید مطالبات ہوں گے، جن میں سیاسی قیدیوں کی فہرست اورعدالتی کمیشن کے لیے شرائط بھی شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وقت گزار رہی اور پی ٹی آئی کو کونے میں لے جا رہی ہے، وہ چاہتی ہے کہ اس فہرست میں عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے نام شامل ہوں، اس لسٹ کو لیک کیا جائے اور یہ بیانیہ بنایا جائے کہ پی ٹی آئی کو کارکنوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے، ممکنہ طور پر حکومت ان ججوں کے ساتھ کھیلنے کی بھی کوشش کرے گا جو پی ٹی آئی عدالتی کمیشن کے لیے دے گی۔ اینکر پرسن نے مزید کہا کہ حکومت یہ بھی چاہے گی کہ عمران خان کی جماعت چارٹر آف ڈیموکریسی اور احتجاج و معاشی ایجنڈے کی دستاویز پر دستخط کرے۔
خبر کا کوڈ: 1183795