دور حاضر میں ہمیں امام علی (ع) کی عظیم تعلیمات اپنانے کی ضرورت ہے، علامہ مقصود ڈومکی
11 Jan 2025 20:37
جیکب آباد میں محفل جشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اہلسنت ہر دور میں آل رسول (ص) کے محب اور حبدار رہے ہیں۔ کیونکہ مولا علی علیہ السلام سے محبت مومن کی نشانی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ایمان، جبکہ آل رسول کی عداوت اور دشمنی کفر ہے۔ ایک سازش کے تحت ناصبی افراد آل رسول (ص) کی دشمنی اور بغض کی ترویج کرتے ہوئے دشمنان اہل بیت کو امت مسلمہ کا ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں جیکب آباد میں ولادت امام محمد تقی علیہ السلام کے سلسلے میں دو مختلف جشن کی محفلوں میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جشن ولادت حضرت امام محمد تقی علیہ السلام اور جشن مولود کعبہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہما السلام کے سلسلے میں برادران اہل سنت و فقیر انجینئر عید محمد ڈومکی کی جانب سے اپنی خانقاہ میں سالانہ جشن میلاد کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر جشن میلاد سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصر حاضر میں ہمیں حضرت امام علی علیہ السلام کی عظیم تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں کو آپ کے طرز حکومت کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے پانچ سال کے دور حکومت میں عدل و انصاف اور بہتر طرز حکمرانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ایمان، جبکہ آل رسول کی عداوت اور دشمنی کفر ہے۔ اہل سنت ہر دور میں آل رسول (ص) کے محب اور حبدار رہے ہیں۔ کیونکہ مولا علی علیہ السلام سے محبت مومن کی نشانی ہے۔ ایک سازش کے تحت ناصبی افراد آل رسول (ص) کی دشمنی اور بغض کی ترویج کرتے ہوئے دشمنان اہل بیت کو امت مسلمہ کا ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام خصوصاً برادران اہل سنت کو یہ ناصبی سازش ناکام بنانی ہوگی۔ اسی طرح المرتضیٰ کالونی میں بسلسلہ جشن ولادت حضرت امام محمد تقی علیہ السلام و جشن مولود کعبہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام وقار علی کی جانب سے جشن میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ جشن میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام محمد تقی علیہ السلام نے کم سنی میں منصب امامت سنبھالا آپ نے عباسی خلفاء کے دربار میں اپنے علم کے ذریعے بڑے بڑے علماء اور مفتیان دین کی رہنمائی کی۔ بے مثال سخاوت کے سبب آپ کو جواد اور بے مثال تقویٰ کے سبب آپ کو تقی کے لقب سے پکارا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183766