QR CodeQR Code

خواتین کو بااختیار بنانا ترقی کیلئے ایک ضروری قدم ہے، ایس جے شنکر

11 Jan 2025 21:13

بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے سے انکی بھرپور صلاحیتیں سامنے آئینگی جس سے قوم کی ترقی میں مدد ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے خواتین کو بااختیار بنانے کو ہندوستان کی ترقی کے لئے ایک اہم بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف خواتین کے حقوق کا احترام ہے بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی انتہائی ضروری ہے۔ڈاکٹر ایس جے شنکر نے حکومت کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی معاشی، سماجی اور ذہنی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کئی اسکیمیں شروع کی ہیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنے حقوق اور مقام کا مکمل ادراک کر سکیں۔ ڈاکٹر جے شنکر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں اپنے خیالات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ "ناری شکتی" کو سمجھنا اور اسے فروغ دینا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے، اس کے لئے صرف صحیح سمت، موقع اور مدد کی ضرورت ہے۔

ایس جے شنکر نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے سے ان کی بھرپور صلاحیتیں سامنے آئیں گی جس سے قوم کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا کسی معاشرے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی نہ صرف ان کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے "مدرا اسکیم" شروع کی گئی ہے، جس کے تحت انہیں چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے قرض دیا جا رہا ہے، اس اسکیم سے خواتین کو معاشی آزادی کی طرف بڑھنے میں مدد مل رہی ہے۔ ایس جے شنکر نے کہا کہ صنفی تناسب کو بہتر بنانے اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے "بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ اسکیم" شروع کی گئی ہے، اس اسکیم کے تحت لڑکیوں کی تعلیم اور حفاظت کے لئے خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 1183757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183757/خواتین-کو-بااختیار-بنانا-ترقی-کیلئے-ایک-ضروری-قدم-ہے-ایس-جے-شنکر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com