پولیس پر فائرنگ کا الزام، پی ٹی آئی کے رہنماء کامران بنگش پر فرد جرم عائد
11 Jan 2025 18:37
پولیس پارٹی پر فائرنگ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت اے ٹی سی جج اسد اللہ نے کی۔
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی پشاور کی خصوصی عدالت نے پولیس پر فائرنگ کرنے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما کامران بنگش پر فرد جرم عائد کر دی۔ پولیس پارٹی پر فائرنگ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت اے ٹی سی جج اسد اللہ نے کی۔ پراسیکیوشن نے کہا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے پی ٹی آئی کے روپوش رہنماء مراد سعید کی گرفتاری کے لیے کامران بنگش کے حجرے پر چھاپہ مارا تھا، چھاپے کے دوران کامران بنگش اور دیگر ساتھیوں نے پولیس پارٹی فائرنگ کی تھی، فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
پراسیکیوشن نے استدلال کیا کہ واقعہ 20 دسمبر 2023 کو پیش آیا تھا ، پولیس نے کامران بنگش اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا ہے، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کردی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے پولیس پر فائرنگ کرنے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما کامران بنگش پر فرد جرم عائد کر دی، ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ گواہان طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزم کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع کردیا۔
خبر کا کوڈ: 1183752