QR CodeQR Code

لبنان سے اسرائیلی قبضہ ختم ہونا چاہیئے، حزب اللہ

11 Jan 2025 23:15

لبنانی مزاحمتی تحریک کیساتھ وابستہ پارلیمانی اتحاد کے مرکزی رکن نے تاکید کی ہے کہ لبنان پر غاصب اسرائیلی رژیم کا قبضہ ختم ہونا چاہیئے کیونکہ اس جعلی رژیم کے انسانیت سوز حملے پورے خطے میں عدم استحکام کا باعث ہیں


اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی محاذ کے ساتھ وابستہ پارلیمانی اتحاد الوفاء للمقاومة کے مرکزی رکن حسن عزالدین نے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی تا حال کھلی خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں حسن عز الدین نے لکھا کہ دشمن بدستور انسانیت سوز حملوں اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے جیسا کہ اس نے گذشتہ روز بھی شہر طیردبا میں کئی ایک ڈرون طیاروں کے ساتھ حملہ کیا جو 5 لبنانی شہریوں کی شہادت کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ غاصب صیہونی رژیم کے یہ حملے، لبنان میں جاری قومی اتفاق رائے کے اس عمل کے عین وسط میں انجام پائے ہیں جس میں جنرل جوزف عون کو ملک کا صدر منتخب کیا گیا ہے تاکہ اصلاح و تعمیر نو کا آغاز کیا جا سکے۔

ادھر لبنانی حکام نے بھی اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے گذشته 24 گھنٹوں کے دوران جنگ بندی معاہدے کی 19 بار خلاف ورزی کی ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق غاصب صیہونی رژیم 27 نومبر 2024ء کے روز نافذ ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی اب تک کل 432 مرتبہ خلاف ورزی کر چکی ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں زمینی چڑھائی، ٹینک و توپخانے سے گولہ باری، گھروں و رہائشی عمارتوں کی تباہی، ڈرون و لڑاکا طیاروں کی پروازیں اور بھاری مشین گنوں کے ساتھ فائرنگ شامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 1183705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183705/لبنان-سے-اسرائیلی-قبضہ-ختم-ہونا-چاہیئے-حزب-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com