QR CodeQR Code

کرم کی صورتحال اچھی نہیں ہے، حکومت نے مس ہینڈل کیا ہے، فیصل کریم کنڈی

11 Jan 2025 15:54

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرم میں متحارب گروپوں کے 750 بنکرز بنے ہوئے ہیں، پولیس کے پاس اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ وسائل نہیں ہیں، سڑکوں کی بندش سے ادویات سمیت کسی سامان ترسیل ممکن نہیں ہے، ہیلی کاپٹر سے زیادہ امدادی سامان نہیں بھیجا جاسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا نااہل اور نالائق کے ہاتھوں آگیا ہے، کے پی کے بے امنی کا شکار ہے، لگتا ہے وزیر اعلی کے پی کے صوبے کے حالات سنبھال نہیں سکتے ہیں، ان کو صرف بانی پی ٹی آئی کو آزاد کرانے کی فکر ہے، گورنر راج ایک جمہوری عمل نہیں ہے، ہم امن کے لیے ہر کسی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کی صورتحال سب کے سامنے ہے، کے پی پہلے ایک پھولوں کا صوبہ کہلاتا تھا، وہ اب بے امنی کا شکار ہے، افغانستان میں کوئی سپر پاور آتی ہے، وہ پھر گند چھوڑ کر جاتی ہے، وہاں کی صوبائی حکومت سب سے بے خبر ہے، کرم کی صورتحال تشویشناک ہے، صوبائی حکومت کو کوئی تشویش نہیں ہے، لگتا ہے کہ وزیر اعلی نہیں حالات سنھبال سکتے ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کو اسلحہ فراہم نہیں کریں گے تو وہ کیسے لڑے گی، صوبائی حکومت کہتی تھی فوج نکل جائے، ایک طرف صوبے میں آگ لگی ہوئی ہے، دوسری طرف وہ کہتے ہیں کہ بانی چیئرمین آزاد ہو جائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ کرم کی صورتحال اچھی نہیں ہے حکومت نے مس ہینڈل کیا ہے، کرم میں متحارب گروپوں کے 750 بنکرز بنے ہوئے ہیں، پولیس کے پاس اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ وسائل نہیں ہیں، این ایف سی ایوارڈ کے بعد 5 ارب روپے کے پی حکومت کو دیئے گئے تھے، وہ پیسے کہاں خرچ ہوئے، سڑکوں کی بندش سے ادویات سمیت کسی سامان ترسیل ممکن نہیں ہے، ہیلی کاپٹر سے  زیادہ امدادی سامان نہیں بھیجا جاسکتا، کے پی حکومت امن و امان پر نہ کابینہ اجلاس اور نہ ہی اسمبلی اجلاس طلب کیا ہے، سارک ممالک پر مشتمل گورنرز فورم بنارہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1183697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183697/کرم-کی-صورتحال-اچھی-نہیں-ہے-حکومت-نے-مس-ہینڈل-کیا-فیصل-کریم-کنڈی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com