کے ایم سی کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے، راجہ اظہر
11 Jan 2025 15:45
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات تک کراچی نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، جہاں بھی حکومتی بے ضابطگیاں یا عوامی مسائل ہوں گے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر اور جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے کے ایم سی پارلیمانی لیڈر اور نائب صدر کراچی مبشر حسن زئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سینئر نائب صدر کراچی فہیم خان، سینئر نائب صدر جعفرالحسن اور دیگر ممبران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صدر کراچی راجہ اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کی کارکردگی پر تفصیلی بات چیت کی ہے، ہمیں اکثر کہا جاتا ہے کہ اپوزیشن کام کرنے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود کے ایم سی کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے، کاش ہمارے ملک میں ایسے حکمران ہوں جنہیں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر یاد رکھا جائے، بدقسمتی سے ہر کوئی اپنی سیاست میں مصروف ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی، پنجاب میں نون لیگ اور بلوچستان میں مسلسل بدانتظامی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بلدیاتی نظام کی بات کی جائے تو پنجاب نے بلدیاتی سسٹم ہی نہیں دیا، بلوچستان میں بھی صورتحال مایوس کن ہے اور سندھ میں موجودہ بلدیاتی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ کس طرح دو بھائیوں کی ملی بھگت سے کراچی کو برباد کر دیا گیا، ہمارے 14 چیئرمینز اور ریزرو نشستوں پر منتخب بلدیاتی نمائندے اب بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، چاہے وہ کے ایم سی ہو یا ضلعی سطح پر، ہمارے چیئرمینز ہر یونین کونسل میں عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں گے، ہمیں گھبرانا نہیں ہے کیونکہ کراچی نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں ووٹ دیا ہے، بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات تک کراچی نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، جہاں بھی حکومتی بے ضابطگیاں یا عوامی مسائل ہوں گے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1183696