کراچی میں سردی، پیر سے درجہ حرارت مزید کم ہونے کی پیش گوئی
11 Jan 2025 14:46
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز کے دوران شہر میں موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے، وسطی اور بالائی سندھ کے اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھاسکتی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سردی کی لہر جاری ہے جب کہ پیر سے درجہ حرارت مزید کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق شہر کی فضاؤں پر جزوی بادلوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے تاہم اتوار کو بھی کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ پیر سے درجہ حرارت دوبارہ سنگل ڈیجیٹ تک گرنے کی توقع ہے اور کم سے کم پارہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز کے دوران شہر میں موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے، وسطی اور بالائی سندھ کے اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھاسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183691