QR CodeQR Code

کشمیری بھارت کے آگے کبھی سر تسلیم خم نہیں کریں گے، حریت کانفرنس

11 Jan 2025 12:47

عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جبر و استبداد اور ناانصافیوں کا ایک دن ضرور خاتمہ ہو گا اور کشمیری آزادی اور امن کی صبح دیکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری کبھی بھی بھارت کے آگے سر تسلیم خم نہیں کریں گے اور وہ اس کے غیر قانونی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جبر و استبداد اور ناانصافیوں کا ایک دن ضرور خاتمہ ہو گا اور کشمیری آزادی اور امن کی صبح دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی استعمار کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے جبر اور کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے لیکن یہ سب انہیں حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے سے ہرگز نہیں روک سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں اپنی قیمتی جانین لٹانے والے نوجوان کشمیری عوام کے حقیقی ہیرو ہیں، کشمیری اپنے ان شہداء کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور وہ ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ شکست و ریخت باالآخر جارح و ظالم قوتوں کا مقدر بنتی ہے، بھارت کو بھی ایک روز کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دیکر جموں و کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔


خبر کا کوڈ: 1183658

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183658/کشمیری-بھارت-کے-آگے-کبھی-سر-تسلیم-خم-نہیں-کریں-گے-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com