ماسکو میں ایرانی و روسی صدور کی عنقریب ملاقات اور باہمی تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط
11 Jan 2025 12:20
اعلی ملکی حکام سے نقل کرتے ہوئے ایرانی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ صدر اسلامی جمہوریہ ایران 17 جنوری کے روز ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب کیساتھ ملاقات کے موقع پر ایران-روس باہمی تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط کرینگے
اسلام ٹائمز۔ ایرانی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان 17 جنوری کے روز دورہ ماسکو کے دوران اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات اور ایران-روس باہمی تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق ماسکو میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے اس حوالے سے گزشتہ روز ہی روسی فیڈریشن کے ڈپٹی وزیرخارجہ اینڈری روڈنکو کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے دورہ روس سے متعلق امور و منصوبہ جات کی تفصیلات پر گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات میں تاکید کی گئی ہے کہ مسعود پزشکیان کا آئندہ دورہ ماسکو ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہو گا جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئے مرحلے میں داخل کر دے گا۔ اس ملاقات میں ایران و روس کے باہمی تعاون کے معاہدے کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ اس دوران مذکورہ معاہدے پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان تعاملات کی سطح میں انتہائی اضافہ ہو گا جس سے مزید باہمی تعاون کی توسیع کا زمینہ بھی فراہم ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان 17 جنوری بروز جمعہ روس کے اپنے دورے پر ماسکو پہنچیں گے جہاں وہ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سمیت اعلی روسی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور ایران-روس باہمی تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط کریں گے۔
خبر کا کوڈ: 1183653