سوئٹزرلینڈ کا ایران میں اپنے شہری کی ہلاکت پر تحقیقات کا مطالبہ
11 Jan 2025 11:06
سوئٹزرلینڈ نے ایران سے سمنان جیل میں اپنے ایک شہری کی موت پر مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے
اسلام ٹائمز۔ سوئٹزرلینڈ نے، ایران میں جاسوسی کے الزام میں زیر حراست اپنے ایک شہری کی ہلاکت پر مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سوئس وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ چاہتا ہے کہ ایرانی حکام نہ صرف اس سوئس شہری کی گرفتاری کی وجوہات کے بارے تفصیلی معلومات فراہم کریں بلکہ اس کی موت پر بھی مکمل تحقیقات انجام دیں۔ سوئس وزارت خارجہ نے کہا کہ اس شہری کے جنازے کی واپسی بھی سوئٹزرلینڈ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ رپورٹ کے مطابق سوئس وزارت خارجہ نے اس قیدی کو 64 سالہ سوئس شہری قرار دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ وہ سیاح کے طور پر ایران کے سفر پر تھا۔
واضح رہے کہ تہران نے جمعرات کے روز سوئٹزرلینڈ کو مذکورہ قیدی کی موت کی اطلاع دی تھی۔ قبل ازیں ایرانی صوبے سمنان کے چیف جسٹس نے اعلان کیا تھا کہ ایک سوئس شہری نے سمنان جیل میں اپنی قید کے دوران خودکشی کر لی ہے۔ سمنان کے صوبائی محکمہ انصاف کے مطابق، اس سوئس شہری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس سے متعلق مکمل دستاویزات و شواہد موجود ہیں نیز اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1183630