QR CodeQR Code

اردو کے فروغ میں غیر مسلموں کی خدمات قابل ستائش ہیں، پروفیسر طارق منصور

10 Jan 2025 20:56

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو اپنے قیام کی 28ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خلیجی ممالک سے ہندوستان کے بہتر تعلقات کے پس منظر میں تعلیم اور تحقیق کا کام کرے۔


اسلام ٹائمز۔ اردو کا تعلق کسی خاص علاقہ یا مذہب سے نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی ہندوستانی زبان ہے، جسے اب دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے اور اس کے مداحوں میں آج غیر مسلم احباب زیادہ نظر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کیا۔ وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ یونیورسٹی کی 28ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ یومِ تاسیس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا کہ بر صغیر میں اردو کا آغاز اور فروغ پنجاب اور دکن کے علاقوں میں ہوا لیکن آج اردو برصغیر سے باہر نکل کر سارے عالم میں پہنچ چکی ہے، جہاں یہ ہندوستان کی 23 مسلمہ زبانوں میں شامل ہے، وہیں اردو کو اقوامِ متحدہ نے عالمی زبان کا درجہ دیا ہے۔

اردو کے فروغ کے لئے غیر مسلم حضرات کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ آج بھی غیر اردو داں حضرات تک اردو زبان کو پہنچانے میں ڈاکٹر سنجیو صراف کی ریختہ فاﺅنڈیشن پیش پیش ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو کسی ایک خاص مذہب یا علاقے کی زبان نہیں ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو اپنے قیام کی 28ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خلیجی ممالک سے ہندوستان کے بہتر تعلقات کے پس منظر میں تعلیم اور تحقیق کا کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر بھی حیدرآباد دکن کا خاص کر سعودی عرب سے خاص تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ موجودہ دور میں بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایک تعلیمی ادارے کے طور پر مانو قدم بڑھائے۔

یومِ تاسیس کی تقریب میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر ممتاز علی بطورِ مہمانِ خصوصی مدعو تھے جبکہ پروگرام کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کی۔ ممتاز علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو یونیورسٹی نے جس کامیابی کے ساتھ قانون کی تعلیم کا اردو میں آغاز کیا اب وقت آگیا ہے کہ اردو یونیورسٹی طب کی تعلیم بھی شروع کرے۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یومِ تاسیس کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔ ان کے مطابق مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا آغاز جس نیک نیتی کے ساتھ کیا گیا تھا آج وہ اظہر من الشمس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے چانسلر کی خواہش کے مطابق اردو یونیورسٹی میں میڈیکل کالج کے آغاز کے لئے ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1183530

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183530/اردو-کے-فروغ-میں-غیر-مسلموں-کی-خدمات-قابل-ستائش-ہیں-پروفیسر-طارق-منصور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com